پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں خدمت گار ڈیسکس قائم کرنے کا فیصلہ۔

نگران صوبائی وزیر محکمہ صحت و سوشل ویلفیئر ڈاکٹر جاوید اکرم کی زیر صدارت اس حوالہ سے ڈی جی ویلفیئر آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان، سیکرٹری سوشل ویلفیئر ظہور حسین، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق اور محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کے افسران نے شرکت کی۔
نگران صوبائی وزیر داخلہ جاوید اکرم نے اجلاس کے دوران سرکاری ہسپتالوں میں خدمت گار ڈیسکس کے قیام کے حوالہ سے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔متعلقہ افسران نے نگران صوبائی وزیر ڈاکٹر جاوید اکرم کو بریفننگ دی۔
نگران صوبائی وزیر صحت و سوشل ویلفیئر ڈاکٹر جاوید اکرم نے  اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کو عام آدمی کی آسانی کیلئے مکمل سودمند بنائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کہ پنجاب میں سب سے پہلے اس منصوبے کا آغاز مئیو ہسپتال سے کررہے ہیں اور خدمت گار ڈیسکس کے قیام کے ذریعے سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو علاج میں سہولت حاصل ہوگی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ خدمت گار ڈیسکس کی کامیابی کیلئے پی آئی ٹی بی کے ذریعے آن لائن ایپلی کیشن بھی ڈیزائن کروا رہے ہیں۔ 
 اس موقع پر سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ کونسلز کو مکمل فعال کرنے کے حق میں ہیں اور خدمت گار ڈیسکس کے ذریعے عوام کو سہولت دینا چاہتے ہیں۔